بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب چودہ جنوری کو ہوگا

ہفتہ 12 جنوری 2019 18:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب چودہ جنوری کو ہوگا،یوں تو اس نشست پر چار امیدوار میدان میں ہیں مگر اصل مقابلہ بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے غلام نبی مری کے درمیان ہوگا بلوچستان سے سینیٹ کی نشست پشتون خواملی عوامی پارٹی کے سینیٹر سردار اعظم خان موسی خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی الیکشن کمیشن کی جانب سے جب ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان ہوا تو ابتدائی طور پر 8 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم بعد میں متحدہ مجلس عمل کے عبدالواحد اوریحی ناصر بی اے پی کے مجیب الرحمن محمد حسنی اور اے این پی کے عنایت اللہ خان کاغذات واپس لینے اور دستبردار ہونے کے باعث میدان سے باہر ہوگئے اس نشست پر اب مقابلہ چار امیدواروں کے درمیان ہے، تاہم بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے غلام نبی مری مضبوط امیدوار ہیں اور انہیں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے بلوچستان اسمبلی کے 65کے ایوان میں حکمران اتحاد کی نشستیں 41 ہیں جبکہ اپوزیشن کی تعداد 23ہے رکن اسمبلی نواب اسلم رئیسانی آزاد نشستوں پر ہیں انتخاب میں چند روز رہ جانے کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز ہوگیاسیاسی ماہرین کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر بی اے پی کے منظور احمد کاکڑ کا پلڑا بھاری لگتا ہے مگر سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی ہے۔