مصباح الحق ایک بار پھر گریڈ ٹو کرکٹ کھیلیں گے

سابق کپتان پی ایس ایل سے قبل فیصل آباد کی نمائندگی کرینگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 جنوری 2019 18:53

مصباح الحق ایک بار پھر گریڈ ٹو کرکٹ کھیلیں گے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جنوری2019ء) سابق قومی کپتان مصباح الحق دو سال کے عرصے میں دوسری مرتبہ گریڈ ٹو کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور پاکستان سپر لیگ سے قبل قائداعظم ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں فیصل آباد کی نمائندگی کریں گے جن کو احمد شہزاد کا بھی ساتھ حاصل ہوگا جو پابندی سے نجات کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

دو ہزار سترہ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحدگی کے بعد مصباح الحق ڈومیسٹک کرکٹ میں فعال ہیں اور گزشتہ سیزن میں سوئی ناردرن گیس کی ون ڈے اور چار روزہ میچوں میں نمائندگی کے بعد انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مینٹور بننے کی پیشکش یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دی تھی کہ وہ ابھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔2017ءکی پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی نے سابق کپتان کو گولڈ کیٹگری میں منتخب کیا ہے اور وہ پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

44 سالہ سابق کپتان نے 2017ءمیں بھی فیصل آباد کی گریڈ ٹو کرکٹ میں قیادت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو گریڈ ون میں جگہ دلائی تھی لیکن بدقسمتی سے فیصل آباد کو 7میں سے 6میچوں میں ناکامی کے سبب گریڈ ٹو میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ان کے لیے فیصل آباد کو گریڈ ون کرکٹ میں پہنچانا بڑی تحریک کا باعث بنے گا اور وہ چاہتے ہیں کہ تنزلی کا شکار ہونے والی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر گریڈ ون کرکٹ میں پہنچا دیں۔

پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان کے مطابق اس طرح کے مواقع سے انہیں ملکی نوجوانوں کی بہتری پر کام کرنے کے ساتھ ان میں اپنا تجربہ منتقل کرنے کا چانس بھی مل جاتا ہے تاہم ذاتی طور پر بھی انہیں پی ایس ایل 4کے لیے تیاری کا بھرپور موقع مل جائے گا۔