بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام گٹر ملا پانی بھی پینے پر مجبور ہیں،مصطفی کمال

کراچی کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں،کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم اور نا انصافی کا نہیں، حالات بدلنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے ہمیں اپنے حقوق کے لیے خود اٹھنا پڑے گا، سربراہ پی ایس پی کا خطاب

ہفتہ 12 جنوری 2019 22:55

بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام گٹر ملا پانی بھی پینے پر مجبور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے چئیر مین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ?کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم اور نا انصافی کا نہیں اور افسوس کے ہم ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں ظلم اور نا انصافیاں تو ہوتی ہے لیکن اس سے بڑا ظلم یہ ہے کہ اسکے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے جب تک تم لوگ اپنے حقوق کے لئے آواز نہیں اٹھاؤ گے اس وقت تک تم لوگوں کے حالات نہیں بدلیں گے۔

ہمارے حالات بدلنے کے لئے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے ہمیں اپنے حقوق کے لیے خود اٹھنا پڑیگا جب ہی ہمارے مسائل حل ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی ٹاؤن یو سی 19میں الیکشن کیمپ کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین بھائی اور پی ایس 94 کا امیدوارعرفان وحید بھائی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام پہلے ہی بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ اور گٹر ملا پانی پینے پر مجبور ہے اور کراچی کے لوگوں کو 70 لاکھ کم گنا گیا ہے جو کہ اہلیانِ کراچی کی نسل کشی کے مترادف ہے اس کے باوجود بھی کراچی کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی آڑ میں کراچی کے شہریوں کی تیس تیس اور ساٹھ ساٹھ سال سے قائم قانونی دکانوں کوبھی بیدردی سے مسمارکرکے ان کا کاروبار تباہ کیاجارہاہے، دکانداروں کے ساتھ ساتھ پتھاریداروں اورمحنت کشوں کومتبادل جگہ فراہم کئے بغیر ان کے روزگار چھینے جارہے ہیں اور اس طرح لاکھوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے کئے جارہے ہیں اورانہیں فاقہ کشی پر مجبور کیا جارہا ہے جو کہ غریب طبقے کا معاشی قتل عام کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ہر دروازے پر جائیں اور بتائیں کہ مصطفی کمال کراچی کو ویسا ہی کردینگے جیسے پہلے کراچی بناکر دکھایا تھا۔

کراچی والوں کے پاس ہم سے بہتر کوئی آپشن نہیں ہے انہوں نے 27 جنوری کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ایس 94 کے پی ایس پی کے امیدوار عرفان وحید کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے اور ڈولفن پر مہر لگاکر آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینے کی اپیل کی تاکہ آنے والی نسلوں کو روشن، خوشگوار ماحول اور ترقیاتی منصوبوں سے آراستہ کیا جاسکے جس سے اُنکی آنے والی زندگی بہتر گُزر سکے۔#