ایم کیوایم پاکستان 18 جنوری کو لیاقت کالونی میں ایک بڑا جلسہ کرے گی جو تاریخی ہوگا، کنورنوید جمیل

ہفتہ 12 جنوری 2019 23:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2019ء) ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنورنویدجمیل نے کہا ہے ایم کیوایم نے ہمیشہ سندھ کو اپنا صوبہ سمجھا مگر بدقسمتی سے پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت نے اُردو بولنے والوں کو کبھی نہیں اپنایا،ایم کیوایم پاکستان 18 جنوری کو لیاقت کالونی میں ایک بڑا جلسہ کرے گی جوکہ تاریخی ہوگا۔

زونل آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے کراچی اور حیدرآبا دکیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ کرپشن نے پاکستان کو برباد کردیا ہے ، ملک میں جو احتسابی عمل شروع کیا گیا ہے اسے آگے بڑھانا چاہئے۔ اس احتساب کا دائرہ سول یا ملٹری بیوروکریٹس ، کاروباری افراد یا اُن لوگوں تک بھی وسیع کیا جاناچاہئے جنہوں نے ملکی دولت کو لوٹا اور ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لے کر غریب عوام پر خرچ کی جانی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حیدرآباد میں یونیورسٹی بنائے گی کیونکہ حیدرآباد کے لاکھوں نوجوان یونیورسٹی نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے بدقسمتی سے یہاں حکومت نے تعمیروترقی کے کام نہیں کرائے ، میں نے 11 سال قبل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بنائی تھی اسے بند کردیا گیا ، حیدرآباد میں ٹراما سینٹر بنایا اس کی جدید مشینری اُٹھاکر دوسری جگہ منتقل کردی گئی، سرمست ہاؤسنگ اسکیم کو تباہ کردیا گیا ۔

پیپلزپارٹی کی متعصب حکومت یہ سب کچھ کرتی رہی اور یہاں کے شہری قابل تعریف ہیں کہ وہ آج بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کے ہمراہ زونل آرگنائزر ظفر صدیقی ، قائم مقام میئر سہیل مشہدی اور دیگربھی موجود تھے۔