اساتذہ کا مطالبات کے حق میں 24 جنوری کواحتجاج کا اعلان

اساتذہ اتحاد یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب سول سیکریٹریٹ لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ جنوری 20:51

اساتذہ کا مطالبات کے حق میں 24 جنوری کواحتجاج کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جنوری2019ء) یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب کی جنرل باڈی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجا ب آٹھ اساتذہ تنظیموں کا اتحاد ہے۔اجلاس میں طارق محمود، اللہ بخش قیصر، حافظ عبد الناصر، حافظ غلام محی الدین، محمد اجمل شاد، محمد اشفاق نسیم، کاشف شہزاد چوہدری،وحید مراد یوسفی، محمد صدیق گل، بلال کموکا، آصف جاوید اور شہزاد ندیم قیصر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس امر پر غور کیا گیاکہ اساتذہ مسائل جمود کا شکار ہیں۔ نئی حکومت سے بہت سی توقعات تھی لیکن افسر شاہی نے ایسا طرز عمل اختیار کیا ہواہے کہ اساتذہ دن بدن گھمبیر مسائل کا شکارہوتے جا رہے ہیں جس سے ان میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ اساتذہ کی پروموشن نہیں ہو رہی اور نئی حکومت کے بعد افسر شاہی نے چالاکی سے صرف اساتذہ کی پروموشن میں اپنی شرائط عائد کر دی ہیں کہ محکمانہ ترقی کا سکوپ ختم ہو کہ رہ گیا۔

(جاری ہے)

کنٹریکٹ اساتذہ کو ریگولر کرنے میں نئی شرط کی اختراع سے ہزاروں اساتذہ کا استحقاق مجروح ہورہا ہے سکولوں میں طلباء کی حاضری کی بناء پر خلاف قانون ہیڈ ٹیچرز کو سرنڈر کیا جا رہا ہے۔ اساتذہ کو دیگر کئی ناروا اقدامات کا سامنا ہے۔ ان حالات میں جنرل باڈی نے فیصلہ کیا کہ حکمرانوں تک اپنی آواز پہنچانے کے لیے احتجاج ناگریز ہے اس لیے 24جنوری بروز جمعرات سول سیکریٹریٹ لاہور اساتذہ پنجاب احتجاجی مظاہرہ کریں گے اگر بھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تو تعلیمی بائیکاٹ اور پیک کے امتحانات کے بائیکاٹ سمیت تما م آپشن پر عمل کریں گے۔

واضح رہے پچھلے دوسالوں سے اساتذہ پروموشن سمیت دیگر مطالبات کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن موجودہ حکومت بھی اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی بجائے جمع تفریق اوریقین دہانیوں سے کام لے رہی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ اساتذہ کے مسائل کوفوری حل کرے تاکہ اساتذہ ان مسائل سے نکل کراپنی بھرپورتوجہ تدریسی عمل پر دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :