اوپیک ممالک امریکا کے مخالف نہیںقدر کرتے ہیں،متحدہ عرب امارات

اتوار 13 جنوری 2019 13:30

ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم (اوپیک) امریکا کی مخالف نہیں، ہم ایک دوسرے کی قدر کرتے ہیں۔یہ بات متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی سہیل المزروعی نے گزشتہ روز اوپیک اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔وزیر توانائی نے کہا کہ 2018 ء کے دوران خام تیل کی اوسط قیمت 70 ڈالر فی بیرل رہی جبکہ 2019 ء (رواں سال) کے دوران اوسط قیمت 60 سے 80 ڈالر فی بیرل رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تیل کی پیداوار میں یومیہ 12 لاکھ بیرل کی کمی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام کے لیے کافی رہے گی۔انھوں نے کہا کہ خام تیل کی پیداوار میں کمی کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سہیل المزروعی نے کہا کہ اوپیک کے چند ممبران بشمول وینزویلا، لیبیا اور ایران کو پیداوار میں کمی سے استثنیٰ دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ وہ اپنی پیداوار میں اضافہ نہیں کریں گے، البتہ ان کی پیداوار میں کمی کا امکان ہے۔

انھوں نے کہا کہ اوپیک ملکوں کے درمیان اپریل سے قبل ملاقات کا امکان نہیں کیونکہ انھوں نے اپریل میں ہی رواں سال کے باقی عرصے کے لیے تیل کی پیداوار بارے پالیسی طے کرنی ہے۔یاد رہے کہ اوپیک اور روس کی قیادت میں دوسرے تیل پیداکرنے والے ملکوں نے امریکی مخالفت کے باوجود دسمبر میں اپنی تیل کی پیداوار میں جنوری سے 1.2 ملین بیرل (12 لاکھ بیرل) یومیہ کمی کا عہد کیا جس کا مقصد تیل کی عالمی سپلائی میں کمی اور اس کی گرتی قیمتوں کو استحکام دینا ہے۔