سوئی ناردرن گیس کی ٹاسک فورس کاکمپریسر استعمال کرنیوالے گھریلوصارفین کیخلاف کریک ڈائون جاری، 604کنکشن منقطع ، خلاف ورزی کرنیوالوں کی گیس سردیوں کے موسم کے بعد بحال ہو گی، ترجمان

اتوار 13 جنوری 2019 14:00

لاہور۔13 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈلاہور ریجن حکومت کی بدایت کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،سوئی ناردرن گیس نے 6رکنی ٹاسک فورس قائم کی ہے جو24گھنٹے کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہے،سوئی ناردرن گیس کے ترجمان نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صارفین کی شکایات پر آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جو کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف گیس پریشر نارمل ہونے تک جاری رہے گا، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈلاہور ریجن کی 6 رکنی ٹاسک فورس کا کمپریسر استعمال کرنے والے گھریلوصارفین کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جو 24گھنٹوں اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے، جس کے تحت 604 گھریلوصارفین کے کنکشن منقطع کر دیئے گئے ہیں ، سوئی ناردرن گیس کے ترجمان نے بتایا کہ جن صارفین کا کنکشن کمپریسر استعمال کرنے کی وجہ سے منقطع کیا گیا ہے ان کی گیس موسم سرما کے بعد بحال کی جائے گی،انہوں نے مزید بتایا کہ ٹاسک فورس کی جانب سے پورے ریجن میں آپریشن کیا جا رہا ہے جن میں گرین ٹائون ،ٹائون شپ، جوہر ٹائون،چونگی امر سدھو ،گرین ٹائون،کوٹ لکھپت ،ٹائون شپ،واپڈا ٹائون ،جوہر ٹائون،علامہ اقبال ٹائون،گلبرگ،اچھرہ،ساندہ ،گڑہی شاہو،والڈ سٹی،واپڈا ٹائون سمیت شہر کے مختلف علا قے شامل ہیں جن میں کمپریسر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 604 کنکشن منقطع کئے ہیں،ٹاسک فورس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن میں گیس پریشر کے نارمل ہونے تک کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور ان سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔