آٹھویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2019 نمائش و کانفرنس کل سے شروع ہو گی

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور افتتاح کریں گے، 70 سے زائد کمپنیاں 200 سے زائد اسٹالز لگائیں گی

اتوار 13 جنوری 2019 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) آٹھویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2019 نمائش و کانفرنس منگل سے ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گی۔چین، تائیوان، ترکی، ملائیشیا اور جرمنی سے کمپنیاں اور وفود بھی شریک ہیں۔ نمائش کا افتتاح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور منگل کی صبح ہال نمبر ایک میں کریں گے۔ یہ تین روزہ نمائش و کانفرنس پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم ای) اور گروپ آف ریسرچرز اینڈ انٹیلکچوئلز آف پاکستان (گرپ) کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، چیئرمین پی پی ایم اے زاہد سعید، پی پی ایم اے نارتھ کے انصر فاروق، سی ای او ولشائر لیب امجد علی جاوا، سی ای او نیوٹرا فارماسوٹیکل حامد رضا، سابق چیئرمین پی پی ایم اے شاہ زیب اکرم اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر اعزازی مہمانان ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے بتایا کہ یہ نمائش و کانفرنس صوبے کی فارما و ہیلتھ کیئر انڈسٹری کو فروغ دے گی۔

انہوںنے بتایا کہ نمائش میں 70 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے 200 سے زائد اسٹالز لگائے ہیں۔ صرف نمائش کے تین دنوں میں 15ہزار سے زائد افراد دورہ کریں گے۔ ان میں فارماسوٹیکل مینوفیکچررز، فارما ایکسپورٹرز، فارما ڈسٹری بیوٹرز، فارماسسٹس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، کمرشل اتاشیز، ٹریڈ نمائندگان، غیر ملکی وفود، ریسرچرز، طالب علم، تعلیمی ماہرین شرکت کریں گے۔ فارما ایکسپو کے ساتھ گرپ کی جانب سے انٹرنیشنل کانفرنس آف فارما سوٹیکل اینڈ بائیوکیمیکلز سائنسز، انٹرنیشنل کانفرنس آف ریسرچ آن آنکولوجی اینڈ کینسر سائنسز، انٹرنیشنل کانفرنس آن فوڈ ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز بھی منعقد ہوں گی۔