عوام کو صحت کی معیاری اور جدید سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ‘عثمان بزدار

ہسپتالوں میںبر وقت معیاری علاج معالجہ ملنا مریضو ںکا حق ہے،وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی کی جائے گی‘و زیراعلیٰ پنجاب

اتوار 13 جنوری 2019 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری ، جدید سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے۔ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری ، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل صرف کئے جا ئیں گے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کے لئے جدید اصلاحات لائی جائیں گی اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں جاری اصلاحاتی پروگرام کے جلددورس نتائج حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میںبر وقت معیاری علاج معالجہ ملنا مریضو ںکا حق ہے۔

شعبہ صحت کی بہتری اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے اور شعبہ صحت میں بہترین، با صلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں اور ہسپتالوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔

ایمانداری سے کی گئی کوششوں کے باعث ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا بڑی نیکی اور عبادت ہے اور شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور مریضوں کیلئے مسیحائی کا درجہ رکھتا ہے۔مسیحائی کے پیشے سے وابستہ لوگ دین اور دنیا دونوں کماتے ہیں اور اپنی ڈیوٹی کو مشن سمجھ کر ادا کرنے والے مسیحائوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔