جوہانسبرگ ٹیسٹ :پاکستان نے 3وکٹوں پر 153رنز بنا لیے

پروٹیز 303رنز بنا کر آل آﺅٹ ،پاکستان کو381رنز کا ہدف مل گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 جنوری 2019 20:35

جوہانسبرگ ٹیسٹ :پاکستان نے 3وکٹوں پر 153رنز بنا لیے
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جنوری2019ء) تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 381رنز کے ہدف کے تعاقب میں دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر 153رنز سکور کرلیے ہیں ،جنوبی افریقی ٹیم دوسری اننگز میں 303 رنز بنا کر پویلین لوٹی تھی۔میزبان ٹیم نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 135 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ہاشم آملہ 42 اور کوائنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے،ہاشم آملہ کی اننگز کا خاتمہ 70 رنز پر ہوا جسکے بعد بیٹنگ کےلئے آنےوالے فلینڈر14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،میزبان وکٹ کیپر بلے باز کوائنٹن ڈی کوک نے شاندار کھیل پیش کیا اور 129 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 18 چوکے شامل تھے،فلینڈر 14، کگیسو رابادا 21 اور اولیویئر1 رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے 3،3، محمد عامر 2 جبکہ حسن علی اور محمد عباس نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

پاکستان کےلئے امام الحق اور شان مسعود نے دوسری اننگز میں اوپننگ کے فرائض سر انجام دیئے اور قومی ٹیم کو67رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا ، امام الحق35رنز بنا کر ڈیل سٹین کا شکار بنے جنہوں نے شان مسعود کو بھی 37رنز پر پوویلین بھیجا ،اظہر علی ایک بار پھر ناکام رہے اور 15رنز بنا کر سیریز میں چوتھی بار اولیور کا شکار بن گئے ، اسد شفیق اور بابر اعظم نے کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور153رنز تک پہنچایا ، اسد48اور بابر21رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ۔

اس سے قبل دوسرے روز کھیل کے آغاز پر بھی بلے باز کچھ نہ کرسکے اور 53 کے مجموعے پر محمد عباس 11 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، عباس کے بعد آنےوالے اسد شفیق کھاتا کھولے بنا ہی روانہ ہوگئے، دونوں بلے بازوں کو اولیویر نے پویلین کی راہ دکھائی۔امام الحق نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور نصف سنچری کے قریب 43 رنز بناکر فلنڈر کا ہی شکار ہوئے،امام الحق کے بعد بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے لیکن کپتان سرفراز احمد 50 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کے بعد بابر اعظم بھی نصف سنچری سے1رن کی دوری پر اولیویر کے نرغے میں آگئے، اسی اوور میں فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوابیٹھے۔محمد عامر کو بھی اولیویر کی گیند پر زبیر حمزہ کو کیچ تھماکر پویلین لوٹے جبکہ شاداب خان 5 رنز بناکر ربادا کا شکار بنے۔پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز بناکر آﺅٹ ہوئی اورجنوبی افریقا کو 77 رنز کی برتری ملی ۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اولیویرنے 5، فلینڈر 3 اور ربادا نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور ڈین ایلگر5رنز بنا کر عباس کا شکار بن گئے ،مارکرم 21رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے ،ڈی برائن بھی 7رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جنہوں نے زبیر حمزہ کو بھی صفر کی خفت سے دوچار کیا،ٹمبا باووما 23رنز بنا کر شاداب کی گھومتی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ،ہاشم آملا اور ڈی کوک نے ٹیم کا سکور135رنز تک پہنچایا ۔

ا س سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایڈن مرکرام کے ہمراہ انہوں نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان ایلگر 4رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے ،مارکرم او ر ہاشم آملا نے دوسری وکٹ کےلئے 126رنز جوڑے ،اس دوران مارکرم نے اپنی5ویں ٹیسٹ نصف سنچری بھی مکمل کی،وہ 90رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے ، ہاشم آملا بھی اپنے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے ،ڈی برائن اور زبیر حمزہ نے چوتھی وکٹ کےلئے75رنز جوڑے جسکے بعد ڈی برائن 49رنز بنا کر عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،میزبان ٹیم کی آخری 7وکٹیں محض33رنز پر گریں اور پوری ٹیم 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

پاکستان کےلئے فہیم اشرف نے3جبکہ محمد عباس،حسن علی اور محمد عامر نے2،2اور شاداب خان نے1وکٹ لی ۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں مسلسل دوسرے وائٹ واش کا سامنا ہے۔ابتدائی دو میچز میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں 3تبدیلیاں کی گئیں، فخرزمان، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔

قومی ٹیم امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے۔فاف ڈوپلیسی پر 1میچ کی پابندی کے باعث ڈین ایلگر جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور ٹیم میں انکی جگہ زبیر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے۔میزبان ٹیم ایڈن مرکرام، ہاشم آملہ، تھینس ڈی بریون، ٹمبا باووما، زبیر حمزہ، کوئنٹن ڈی کوک، ورنن فلینڈر، کگیسو رابادا، ڈیل سٹین اور ڈین اولیوئیر پرمشتمل ہے۔پاکستانی ٹیم نے آج تک وانڈررز میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ 1998 ءمیں چوتھا دن بارش کی نذر ہونے سے پاکستان نے یہاں ایک ٹیسٹ ڈرا کیا تھا۔