پاکستان کے عوام سی پیک جیسے سٹرٹیجک قومی منصوبہ کے نگہبان ہیں،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں‘احسن اقبال

سی پیک کی بدولت پاکستان کو اشددرکار غیرملکی سرمایہ کاری میسر آئی اسی منصوبے کی بدولت نہایت مناسب شرائط پر پاکستان میں ٹرانسپورٹ کا جدید ڈھانچہ استوار کرنے میں مدد ملی‘رہنما (ن) لیگ

اتوار 13 جنوری 2019 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کے عوام سی پیک جیسے سٹرٹیجک قومی منصوبہ کے نگہبان ہیں،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو توانائی کا بحران حل کرنے میں بڑی مدد ملی، تھرکے کوئلے جیسے معدنی ذخائر سے استفادہ کی راہ ہموار ہوئی۔

تھرکاکوئلہ ستر سال سے زیرزمین موجود ہے جس کی مقدار سعودی عرب اور ایران کے تیل کے ذخائر کے برابر ہے۔انہوںنے کہاکہ سی پیک کی بدولت پاکستان کو اشددرکار غیرملکی سرمایہ کاری میسر آئی اسی منصوبے کی بدولت نہایت مناسب شرائط پر پاکستان میں ٹرانسپورٹ کا جدید ڈھانچہ استوار کرنے میں مدد ملی۔پاکستان کی ادائیگیوں کے بحران کی وجہ سی پیک ہرگز نہیں۔

(جاری ہے)

ادائیگیوں کے بحران کی وجہ وہ سیاسی ڈرامہ تھا جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار سے نکالنے کے لئے رچایاگیا۔اسی ڈرامے کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام کی بناپر غیرملکی سرمایہ کار خوفزدہ ہوگئے۔ہمارے دور میں جی ڈی پی چھ فیصد کی شرح سے بڑھ رہا تھا، توانائی کی قلت کے خاتمے سے بند صنعتیں دوبارہ زندہ ہونے لگی تھیں۔بند صنعتوں کے دوبارہ چلنے سے خام مال کی درآمد بڑھی اور بڑے منصوبوں کے لئے مشینری اور پلانٹ کی درآمد کا سلسلہ شروع ہوا۔

ہمارے دور میں صنعتوں میں جدت کا رجحان شروع ہوا، انہی عوامل سے درآمدات میں اضافہ ہوا۔انہوںنے کہاکہ پاناما ڈرامہ کے نتیجے میں اربوں ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کو پاکستان آنے سے روک دیاگیا۔حکومت میں شامل بعض مفاد پرست عناصر بلاوجہ سی پیک کو متنازعہ بنانے میں مصروف ہیں۔قومی مفاد کے منصوبہ جات کو متنازعہ بنانے سے گریز کیاجائے ۔موجودہ حکمران کو اب معلوم ہورہا ہے کہ سی پیک منصوبے سب سے شفاف منصوبہ جات ہیں۔