اے ون ٹی وی اور آج نیوز کے ہیڈ آفس اور برمنگھم سٹوڈیوز میں چوتھی ماہانہ میٹنگ اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے کیلئے اے ون ٹی وی کے رپورٹرز لندن، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈفورڈ سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں سے آئے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 14 جنوری 2019 11:06

اے ون ٹی وی اور آج نیوز کے ہیڈ آفس اور برمنگھم سٹوڈیوز میں چوتھی ماہانہ ..
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2019ء) تربیتی ورکشاپ اور ماہانہ میٹنگ میں ادارہ کے چیئر مین مبین رشید، ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز رانا محمود، صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ، اے ون ٹی وی کے بیورو چیف برائے یو کے و یورپ محمد رفیق مغل، ڈائریکٹر پروگرامات و بیورو چیف میڈلینڈ متین صحرائی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے میڈیا کنسلٹینٹ رانا شبیر راجوروی نے خصوصی شرکت کی۔



تربیتی نشت سے خطاب کرتے ہوئے مبین رشید نے کہا کہ ادارہ اے ون ٹی وی برطانیہ کی پاکستانی صحافت میں نوجوان پڑھے لکھے صحافیوں کو تربیت دیکر آگے لارہا کہ تاکہ دیار مغرب میں اپنے ملک و ملت کی پاسبانی و ترجمانی کا عظیم کام پوری پیشہ وارانہ ذمہ داری سےسرانجام دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

رانا محمود نے اس موقع پر کہا کہ جو نئے صحافی سیکھ کر اور سمجھ کرصحافت کی پر خار وادی میں قدم رکھیں گے ان کے پائے استقلال میں لرزش پیدا نہیں ہوگی۔

انھوں نے مزید خیالات کا اظہار کرتے ہوئےاے ون ٹی وی کے آئندہ آنے والے ایوینٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تیئس مارچ کو اے ون ٹی وی کی پہلی سالگرہ برطانیہ بھر میں تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائے گی۔ کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر سید عابد حسین شاہ نے اے ون ٹی وی کے رپورٹرز کو عملی تربیت دی۔ اس موقع پر متین صحرائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہترین صحافی وہی ہے جس کا کام بہتر ہو۔

تربیت حاصل کرنے والوں پہ لازم ہے کہ آنے والے مہینے میں اس تربیت کو عملی جامہ پہنائیں۔

اے ون ٹی وی کے بیورو چیف نے تربیتی نشست کے دوران رپورٹرز کو رپورٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور درست طور پر قلم بند کرنے اور عکس بند کرنے والے عوامل بتاتے ہوئے کہا کہ بہترین صحافتی کام وہ ہے جس میں اختصار کو مد نظر رکھ کر مختصر، مدلل اور مفید کام کیا جائے۔

رپورٹنگ میں وقت کو ملحوظِ حاضر رکھنا بہت ضروری ہے انھوں نے مزید کہا کہ مجھے نہایت خوشی ہے کہ برطانیہ کی پاکستانی صحافت میں ایسے نوجوان آرہے ہیں جو علم و ادب سے آراستہ ہیں اور صحافت سیکھ کر میدان عمل میں اتر رہے ہیں۔ چیئرمین اے ون ٹی وی مبین رشید، ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز رانا محمود اور میرے استاد محترم سید عابد حسین شاہ صاحب نے بہترین لیکچردیکر اے ون کے نمائندگان کو صحافت کے اصولوں، کام کرنے کے طور طریقوں،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں تفریق اور اعلی صحافتی اوصاف و اقدار سے آگاہ کیا۔

ناچیز راقم الحروف بھی ہمہ تن گوش رہ کر مستفید اور حسب ضرورت لب کشاء ہوتا رہا۔ آج ہمیں بہت اچھا موقع میسر ہے کہ ہم سیکھ کر اورسمجھ کر کارزارِ صحافت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ میں اپنے تمام رپورٹرز کا بے حد مشکور ہوں جو انگلستان کے طول و عرض سے سفری صعوبتیں برداشت کر کے برمنگھم آئے۔ تربیتی نشست کے بعداس ماہ کے سب سے اچھے رپورٹر، سب سے اچھی رپورٹ اور سب سے زائد رپورٹس بھیجنے والے دوستوں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ تربیت کے دوران سب سے اچھا سکرپٹ لکھنے والے دوست کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔