شہرقائد میں پولیس مقابلے اور سرچ آپریشن کے بعد13ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

پیر 14 جنوری 2019 13:30

شہرقائد میں پولیس مقابلے اور سرچ آپریشن کے بعد13ملزمان گرفتار، اسلحہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) شہرقائد کے علاقے شاہراہ فیصل پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جبکہ سائٹ سپر ہائی وے پر پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تین ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

رات گئے شاہراہ فیصل پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث تین ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں عاطف، سلیم اور رحیم شامل ہیں جو شہریون کو اغوا کرتے تھے۔پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد ان کے اے ٹی ایم کارڈ سے پیسے نکلواتے تھے، ملزمان شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ملزموں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا گیا، ملزموں سے اسلحہ، لوٹا گیا سامان اور کریڈٹ کارڈ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ادھر سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے علی محمد شیخ گوٹھ اور دلدار عمرانی گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی وخارجی راستے سیل کر گھر گھر تلاشی لی، تلاشی کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا۔