برطانوی وزیراعظم کاآرمی پبلک سکول پشاور پر حملے میں زندہ بچ جانے والے طالب علم احمد نوازکیلئے ’’پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ‘‘ کا اعلان

پیر 14 جنوری 2019 14:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزا مے نے آرمی پبلک سکول پشاورپر دہشت گردی کے حملے میں زندہ بچ جانے والے طالب علم احمد نوازکیلئے ’’پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ انتہا پسندی کے خلاف بطورنوجوان کارکن خدمات انجام دینے پر دیا گیاہے، وہ یہ ایوارڈ وصول کرنے والے تیسرے پاکستانی شہری بن گئے ہیں۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق احمد نواز نے برطانیہ کے مختلف سکولوں میں اقوام متحدہ کی طرف سے منعقد کردہ تقاریب میں ہزاروں طلباء وطالبات سے خطاب کیاہے اوروہ کمیونیٹیز کو انتہاپسندی کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزامے نے احمد نواز کے نام اپنے مکتوب میں انتہاپسندی کے خلاف نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے ضمن میں ان کی خدمات کو بیش قیمت قراردیا ہے اورکہاہے کہ انتہاپسندی کے خلاف یہ عزم اورحوصلہ ان کے ذاتی تجربات پرمبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انتہاپسندی کے انسدادکیلئے قائم قومی مشاورتی بورڈ کے رکن کے طورپر نامزدگی احمدنواز کے مثبت کام کا اعتراف ہے۔احمد نواز نے ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے انہیں معاشرے میں مزید کام کرنے کا جذبہ پیدا ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ معاشرے کو انتہاپسندی اورتشدد سے پاک کرنے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔احمد نواز برطانوی وزارت داخلہ میں کام کررہے ہیں اورحال ہی میں انہیں انتہاپسندی کے انسدادکیلئے قائم قومی مشاورتی بورڈ کا رکن نامزد کیا گیاہے۔ وہ اس سے قبل نمبرٹوایچ ایٹ ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔