امرود کے باغبانوں کورواںماہ 20 سی25 دن کے وقفہ سے آبپاشی کرنے کی ہدایت

پیر 14 جنوری 2019 14:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) باغبانوں کو رواں ماہ جنوری کے دوران امرود کے باغات کی آبپاشی 20 سی25 دن کے وقفہ سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ امرود کے باغبان ماہ جنوری کے دوران 20 سی25 دن کے وقفہ سے باغات کی آبپاشی کریں تاہم فروری اور مارچ کے دوران آبپاشی کا دورانیہ 15سے 20 روز کردینا چاہیے تاکہ امرود کی بروقت و مناسب بار آوری کاعمل مکمل ہو سکے۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ امرود پاکستان کا چوتھا اور صوبہ پنجاب کا تیسرا اہم ترین پھل ہے جس کی پیداوار 600 ہزار ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد ، ساہیوال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب ، اوکاڑہ کے اضلاع میں امرود کی کاشت وسیع پیمانے پر کی جارہی ہے نیز سندھ میں لاڑکانہ ، دادو ، شکارپور ، حیدر آبادکے اضلاع اور خیبرپختونخواہ میں ہزارہ و مردان کے اضلاع امرود کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ امرود میں اعلیٰ معیار کا وٹامن سی پایاجاتاہے جو ترشاوہ پھلوں سے 5گنا زائد تقویت کے باعث فاسفورس ، کیلشیم ، آئرن کے حصول کا اہم ذریعہ بھی ہے۔انہوںنے بتایاکہ امرود سے جیم ، جیلی، سکوائش، جوس بلینڈ، جوس کنسنٹریٹ اور کینڈی وغیرہ جیسی مصنوعات بھی تیار کی جاتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے اکثرعلاقوں میں کچے امرود کو سالن کی طرح بھی پکایاجاتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ امرود کی اہم اقسام میں لاڑکانہ صراحی، شرقپوری گولہ، کریلا، سرخا، سلیکشن 313 وغیرہ خاص اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ امرود کاپودا سال میں دو مرتبہ پھل دیتاہے جس میں سے ایک بار جنوری و فروری اور دوسری بار جولائی و اگست کے مہینے شامل ہیں۔