پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب حادثہ‘ 12زخمی‘ زخمیوں سے 2کی حالت نازک

ریسکیو 1122کے عملے نے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا

پیر 14 جنوری 2019 15:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) پیر کے روز پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب حادثے کے نتیجے میں 12افراد زخمی ہوئے ‘ ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب حادثے میں ان زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔ ریسکیو ترجمان بلا ل احمد فیضی نے بتایا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب فلائنگ کو چ کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے منی لوڈر ٹرک میں تصادم ہوا۔

(جاری ہے)

ریسکیو کنٹرول روم کو کال موصول ہوتے ہی ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر شیر دل خان نے 5ریسکیو ایمبولینسز جائے حادثہ پر روانہ کیں جنہوں نے فلائنگ کوچ کے اگلے حصے میں پھنسے ڈرائیور اور مسافر کے ساتھ 12زخمیوں کو نکالا ، ریسکیو میڈیکل ٹیکنشنز نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لیڈی ریڈ نگ ہسپتال منتقل کیا ،حادثے میں ڈرائیور اور اگلی سیٹ پر بیٹھے مسافر کی حالت تشویشناک ہے ‘ فلائنگ کوچ چارسدہ سے پشاور آرہی تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سراج الدین، فدا محمد، گوہر علی ، حبیب اللہ، ادریس ، یونس ، اسفند یا ر اور دیگر زخمی شامل ہیں ۔ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے فلائنگ کوچ کو ہیوی ایکسیویٹر کے ذریعے سڑک سے اٹھا کر کنارے پر رکھ دیا ۔