ملکی ترقی کیلئے صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے ،چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 14 جنوری 2019 15:30

لاہور۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے مطالبہ کیا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی حکمت عملی کو از سرنو ترتیب دیا جائے اور ہمسایہ ممالک ایران، افغانستان، ازبکستان و دیگر اسلامی ملکوں سے تجارت میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے جائیں تو ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ملک میں تجارت کے شعبے میں22.4ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ۔ صنعتی شعبہ میں مراعات سے تجارت کے شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہوگا اور ساز گا ر ماحول کی فراہمی سے ہی غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے تاپی گیس پائپ لائن اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل کی طرف توجہ مرکوز کی جائے تاکہ صنعتی شعبہ کو اس کی ضروریات کے مطابق وافر گیس دستیاب ہوسکے اور صنعتی شعبہ ترقی کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کرسکے نیز سستی گیس کو پاور پلانٹ میں استعمال کرکے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے۔