کراچی باسکٹ بال کلب نے قائد اعظم ایس ایس بی کپ ٹورنامنٹ جیت لیا

بائونس باسکٹ بال کلب کو 45 کے مقابلے میں 47 باسکٹ پوائنٹس سے شکست

پیر 14 جنوری 2019 16:31

کراچی باسکٹ بال کلب نے قائد اعظم ایس ایس بی کپ ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) کراچی باسکٹ بال کلب نے قائداعظم ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ ٹرافی جیت لی۔ پاکستان سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ سپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کراچی پر قائد اعظم ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل کراچی باسکٹ بال کلب نے سخت مقابلے کے بعد بائونس باسکٹ بال کلب کو 45 کے مقابلے میں 47 باسکٹ پوائنٹس سے شکست دے کر اپنے نام کر لیا۔

فائنل کے اختتام پر آرام باغ باسکٹ کورٹ کے سبزاہ زار پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی اولمپیئن اصلاح الدین نے فاتح کراچی باسکٹ بال کلب اور رنر اپ بائونس کلب کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی و کیش انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

بنوریہ باسکٹ بال کلب کو ٹورنامنٹ کی فیئر پلے ٹرافی، کے بی بی اے کے جازیب عباسی اور بائونس کلب کے مزمل الدین کو مشترکہ طور پر مین آف دی ٹورنامنٹ اور آرام باغ باسکٹ بال کلب کے راحیل خان کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ اشرف یحییٰ کو ٹورنامنٹ کا بہترین ٹیکنیکل آفیشل اور نذاکت خان کو بہترین امپائر قرار دیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر کراچی کے سپورٹس کوآرڈینٹر اور ٹورنامنٹ کے منتظم اعلیٰ غلام محمد خان، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے خالد جمیل شمسی، قومی باسکٹ بال سلیکشن کمیٹی کے رکن ٹورنامنٹ سیکریٹری عبدالناصر خان، محمد یعقوب اور دیگر موجود تھے۔ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اولمپیئن اصلاح الدین نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ سے جہاں صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے وہیں قیام امن میں مددگار ہے۔

انہوں نے قائداعظم کے نام سے منسوب شاندار باسکٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین خصوصاً سندھ سپورٹس بورڈ حکومت سندھ کی کاوشوں کو سراہا۔ اولمپئن اصلاح الدین نے باسکٹ بال کے فروغ کے حوالے سے اپنے تمام تر تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے ذریعے کھیل کے تمام شعبوں میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر غلام محمد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اولمپیئن اصلاح الدین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے باسکٹ بال کے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون پر سندھ سپورٹس بورڈ اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے خصوصی اقدامات پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مشیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری کھیل ہارون احمد خان کی کاوشوں کو سراہا۔ غلام محمد خان نے اعلان کیا کہ 28 جنوری سے انٹر کالجیٹ گرلز باسکٹ بال چمپئن شپ اور 5 فروری سے کشمیر کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔