ملائیشیا اسرائیل کیلئے نوگوایریا رہیگا ، ڈاکٹرمہاتیرمحمد

29 جولائی سے ہونیوالی پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملے گی، کسی اسرائیلی باشندے نے ملائیشیا آنے کی کوشش کی تو اس کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاے گی،ملائیشین وزیراعظم

پیر 14 جنوری 2019 18:08

ملائیشیا اسرائیل کیلئے نوگوایریا رہیگا ، ڈاکٹرمہاتیرمحمد
کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیرمحمد نے انٹرنیشنل این جی اوز کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا اسرائیل کیلئے نوگوایریا رہیگا ، 29 جولائی سے ہونیوالی پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملے گی۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں ہونیوالی پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں اسرائیلی سوئمرز کو حصہ لینے کی اجازت نہ دینے پر انٹرنیشنل این جی اوز کی جانب سے ملائیشیا پر تنقید کی گئی تھی جس کے جواب میں وزیراعظم مہاتیر محمد نے دو ٹوک اور صاف الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا قانون اسرائیلی شہریت رکھنے والوں کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا اور اسرائیل کیلئے ملائیشیا کے قوانین میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ملائیشیا کے شہر کوچنک میں رواں سال 29 جولائی کو پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں اسرائیلی ایتھلیٹس کی شرکت پر وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پابندی عائد کر دی۔ یاد رہے ملائیشین گورنمنٹ پر مختلف انٹرنیشنل این جی او کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ اسرائیلی ایتھلیٹس کو ملائیشیا کے پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں شرکت کی اجازت دی جاے جس پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد خود میدان میں آ گئے اور کہا اسرائیلی باشندوں کیلئے ملائیشیا کے قوانین میں سختی اسی طرح برقرار ہے۔

ہم کسی اسرائیلی باشندے کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت نہیں دیتے ملائیشیا کے قوانین میں اسرائیل کیلئے کسی قسم کی نرمی نہیں برتری جائے گئی، اگر کسی اسرائیلی باشندے نے ملائیشیا آنے کی کوشش کی تو وہ ملائیشیا کے قوانین کی خلاف ورزی کرے گا جس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاے گی۔ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے جو مقبوضہ فلسطین میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ کسی این جی او کو نظر نہیں آتا ،نہتے نوجوانوں بوڑھوں بچوں و عورتوں کو جس طرح شہید کیا جا رہا ہے اس صورتحال پر ملائیشیا کا دوٹوک موقف ہے اسرائیل کے شہریت کے حامل باشندوں پر پابندی رہے گی۔