Live Updates

30سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں، کام کرنے کا وقت آگیا ہے‘عثمان بزدار

سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں، پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کرینگے،جلد تبدیلی آئیگی وزراء بااختیار ہیں،کارکردگی میں مزیدبہتری لانا ہوگی، اختیارات کو ماضی کی طرح وزیراعلیٰ آفس میں نہیں رکھا گیا عثمان بزدار واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے عوام اور پارٹی کے مفاد میں بے شمار اقدامات کئے ہیں‘صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت وزیر اور مشیر بھی اضلاع کے دورے کریں گے،کابینہ کے اجلاس دیگر ڈویژن میں بھی منعقد ہونگے‘وزیراعلیٰ کاتحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

پیر 14 جنوری 2019 18:43

30سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں، کام کرنے کا وقت آگیا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت 90شاہراہ قائداعظم پر تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کریں گے اورہم سب نے کپتان کی ٹیم بن کر صوبے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔

اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں اور ہم صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اراکین اسمبلی نے بھرپور حصہ لیا ہے اور ہر موقع پر پارٹی کو سرخرو کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ میرے دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے کے تحت مقررکردہ اہداف کے حصول کو یقینی بناناہے ۔

اب کام کرنے کا وقت آگیاہے۔30سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں۔ سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی وزراء کو کارکردگی میں مزیدبہتری لانا ہوگی۔کام کرنے والوں کو سرآنکھوں پر بیٹھائیںگے۔ پرفارمنس نہ دکھانے والوں سے بازپرس ہوگی۔میرے وزیر مکمل بااختیار ہیں۔انہوںنے کہا کہ ماضی کی طرح اختیارات کو وزیراعلیٰ آفس میں نہیں رکھا گیا۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس دیگر ڈویژن میں بھی منعقد کئے جائیں گے اور کابینہ کے اجلاس ڈویژن میں منعقد کرنے سے لوگوں میں احساس محرومی دور ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے اضلاع کے دورے بھی شروع کر دیئے ہیںاوریہ سلسلہ مستقل طور پر جاری رہے گا۔ ہسپتالوں، تھانوں اور ترقیاتی سکیموں کو خود موقع پر جا کر دیکھوں گا۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے میدان میں نکلا ہوں۔

وزیر اور مشیر بھی اضلاع کے دورے کریں گے جبکہ ضلع کی سطح پر کمیٹیاں جلد تشکیل دے دی جائیں گی اوراراکین اسمبلی کی مشاورت سے یہ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم نے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور منزل کا حصول یقینی بنانا ہے۔اراکین اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہا کہ صوبائی وزراء اضلاع کے دوروں کے دوران اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔

بہت جلد وہ تبدیلی آئے گی جس کا خواب ہم سب نے دیکھا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین اسمبلی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور حصہ لیں۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بل منظوری کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں اور پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے رولز آف پروسیجر میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ماضی میں 10 برس تک حکومت کرنے والوں کو پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترمیم کرنے کا کوئی خیال نہیں آیا۔

تحریک انصاف کی حکومت کو اس ترمیم کا کریڈٹ جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی ٹیم یہ تاریخی ترمیم لا رہی ہے۔عثمان بزدار واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے صوبے کے عوام اور پارٹی کے مفاد میں بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پرائیویٹ بل لانے پر بھی ممبرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انشاء اللہ مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔ اجلاس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات