ملتان سے سکھر تک 392 کلو میٹرطویل موٹر وے رواں سال اگست تک مکمل ہوجائے گا، نسیم عارف

پیر 14 جنوری 2019 21:45

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے سی پیک منصوبے کے تحت ملتان سے سکھر تک موٹر وے این 5 کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا ہے،چینی تعمیراتی فرم نے 392 کلو میٹر طویل 6 رویہ موٹر وے منصوبہ کی265کلومیٹرمیں اسفالٹ سے پہلے کی دولئیر مکمل کر لی ہیں جبکہ 165کلومیٹر پر فائنل اسفالٹ کا کام مکمل کر لیا گیا، موٹروے منصوبہ کی30کلومیٹر پر روڈ تیاری کا ابتدائی کام شروع کیاگیاہے ، اس کے ساتھ ہی تعمیراتی کمپنی کو موٹر وے کو دونوں اطراف سے باڑ لگانے کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

ملتان سے سکھر تک این 5 پر سروس ایریاز،ریسٹ ایریاز،اور گرین بیلٹ کا 40 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودحکومت نے اقتدارمیں آنے کے بعد اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جس میں لاہور عبدالحکیم موٹروے منصوبہ پرکام کرنے والے جی ایم نسیم عارف کو ملتان سکھر موٹروے پر جی ایم تعینات کیاگیاتاکہ اس منصوبہ کوبھی تیزی سے مکمل کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

اکتوبرمیں ان کی تعیناتی کے بعدکام کی رفتارمیں غیرمعمولی تیزی آئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ این ایچ اے نے منصوبے کی منظوری کے بعد 2014 ء میں ا سے شروع کرنے کا حتمی اعلان کیا جس کے بعد جنوری 2016 ء میں این ایچ اے نے چینی تعمیراتی فرم چائینہ اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئر نگ کو کنٹریکٹ دیا۔ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح مئی 2016 ء میں کیا گیا تھا، ابتدائی دنوں میں اسے لاہور کراچی موٹر وے کا نام دیاگیا ۔

بعد ازاں اسے کراچی لاہور پشاور کا نام دے دیا گیا،بتایا گیا ہے کہ این 5 موٹر وے ملتان کی تحصیل صدر،احمد پور شرقیہ،رحیم یار خان، صادق آباد اور اوباڑو سے گزرتا ہوا سکھر این 4 موٹر وے سے جا ملے گا،ملتان سے سکھر تک دونوں اطراف چھ چھ سروس ایریاز بنائے گئے ہیں جبکہ 10 ریسٹ ایریاز ان کے علاوہ ہیں، این 5 پر 10 فلائی اوورز،11 انٹر چینج بھی بنائے گئے ہیں،یہ انٹر چینج ملتان صدر،شجاع آباد،جلال پور پیروالہ، اووچ شریف، ترنڈہ محمد پناہ، ظاہر پیر، بہادر پور،گھوٹکی،پنو عاقل اور سکھر میں واقع ہیں۔

این 5 پر 54 پُل بنائے گئے ہیںجن میں سب سے بڑا پُل دریائے راوی پر تعمیر کیا گیا ہے،این ایچ اے سے کنٹریکٹ حاصل کرنے کے بعد اسے 7 مختلف سیکشنوں میں تقسیم کیا گیا، این ایچ اے نے پروجیکٹ کے تکمیلی مراحل پر آئی جی موٹر وے پولیس کو چارج سنبھالنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔ ملتان سے سکھر تک 392 کلو میٹرطویل موٹر وے رواں سال اگست تک مکمل ہوجائے گا۔

اس سلسلہ میں منصوبہ کے جی ایم نسیم عارف نے ’’اے پی پی‘‘کوبتایا کہ اللہ نے چاہاتومنصوبہ اپنے مقررہ وقت میں ہی مکمل ہوگا۔آئی جی موٹروے پولیس کومنصوبہ کوآپریشنل کرنے کے حوالے سے مراسلہ لکھ دیاہے۔منصوبہ کے دونوں اطراف میں خوبصورت پودے لگائے جائیں گے جن کی خوبصورتی یہاں سے گزرنے والوں کوخوشگواراحساس فراہم کرے گی جبکہ سروس ایریااوراین ایچ اے کیمپ پرموسمی پھلوں کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔