ملک احمد خان کی پی ٹی آئی قیادت پر تنقید اپنی قیادت کی عوام دشمن پالیسیوں سے قوم کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے‘ فیاض الحسن چوہان

ہمیں پندو نصائح کرنے والے اپنی قیادت سے بھی التجا کریں کہ قوم کا لوٹا ہوا مال واپس کریں‘ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کا ردعمل

پیر 14 جنوری 2019 22:28

ملک احمد خان کی پی ٹی آئی قیادت پر تنقید اپنی قیادت کی عوام دشمن پالیسیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملک احمد خان اپنی قیادت کی چور بازاری، کرپشن، منی لانڈرنگ اور عوام دشمن پالیسیوں سے قوم اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کے لئے مجھ پر اور حکومتی وزرا کے اوپر دشنام طرازی کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے ملک احمد خان کے حکومت مخالف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ، طلال چوہدری، دانیال عزیز اور مشاہد اللہ جیسے افراد کی گھٹیا اور غلیظ زبان استعمال کرنے والی پارٹی کے ترجمان کو پی ٹی آئی کی حکومت اور وزرا پر تنقید زیب نہیں دیتی۔ مجھ سمیت پی ٹی آئی کے کسی وزیر نے کبھی اپوزیشن لیڈر شپ کی ذاتیات اور ان کی خواتین کے خلاف الزام تراشی نہیں کی۔فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ میں ملک احمد خان سے گزارش کرتا ہوں کہ جس شستہ زبان میں ہمیں وعظ و نصیحت کر رہے ہیں اسی شستہ زبان کے ساتھ اپنی لیڈرشپ سے بھی التجا کریں کہ وہ ملک و قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں-