Live Updates

ْصوبائی وزیر بلدیات نے صوابی کی چار یونین کونسلز کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

پیر 14 جنوری 2019 22:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) صوابی کی چار سے زائد یونین کونسلز کو گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا جس سے تحصیل رزڑ کی ان یونین کونسلز کے بیسیوں دیہاتوں کے رہائشیوں کو گیس جیسی بنیادی ضرورت میسر آئے گی۔ پیر کے روز صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے ایم این اے عثمان خان ترکئی کے ہمراہ اپنے حلقہ نیابت پی کے 47 کی چار سے زائد یونین کونسلز جن میں یوسی ترلاندی، ڈاگئی، ترکئی اور ڈنڈوقہ شامل ہیں کو 8 انچ قطر گیس پائپ لائن فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا اور اس پر جاری کام کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

منصوبے کے افتتاح کے موقع پر محکمہ گیس کے حکام کے علاوہ معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا مذکورہ یونین کونسلز میں سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین مشکلات اور احساس محرومی کا شکار تھے جبکہ آج اس منصوبے کے افتتاح سے ان کی محرومی کا خاتمہ ہوگیا ہے اور بہت جلد ان علاقوں کے ہر گھر میں گیس پہنچ جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہی سوئی گیس کی فراہمی تھا جو پورا کردیا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے اس عزم کا اظہار کیا تحصیل رزڑ کے ہر گھر کو گیس فراہمی ان کا مشن ہے اور اس پر تیزی سے کام بھی جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں بنیادی ضروریات فراہم کر کے ان کا معیار زندگی بلند کرنا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور ہماری حکومت حقیقی معنوں میں اس پر عمل پیرا ہے۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کا کہنا تھا کہ گیس کی عدم موجودگی ان علاقوں کے سینکڑوں لوگوں کا دیرینہ حل طلب مسئلہ تھا جو اب حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہاں کے عوام بہت جلد اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی اور ایم این اے عثمان خان ترکئی نے پی کے 47 کے مختلف علاقوں میں 8 انچ قطر گیس پائپ لائن بچھانے کے کام کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات