نوازشریف ایک بار پھر عوام کی عدالت میں سرخرو ہوگئے ہیں انجینئر امیر مقام

نوازشریف نے قوم کو قطاروں سے نجات دلائی، تبدیلی خان نے دوبارہ قطار میں کھڑا کردیا اسد عمر سے پوچھتا ہوں کہ قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول کب ملے گا ڈیوٹیاں کس کی جیب میں جارہی ہیں

پیر 14 جنوری 2019 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عدالت عظمی کے نیب کی اپیل مسترد کرنے سے نوازشریف ایک بار پھر عوام کی عدالت میں سرخرو ہوگئے ہیں۔ عدالتی فیصلے سے نوازشریف کے خلاف مقدمے کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے،پیر کو عدالت عظمی کے ایوان فیلڈ ریفرنس میں ہائی کورٹ کے فیصلے خلاف نیب کی اپیل مسترد ہونے پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے ناحق جیل کاٹی، یہ دور تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انجینئر امیر مقام نے کہاکہ نوازشریف اور ان کے خاندان کی ثابت قدمی ان کے بے گناہ ہونے کا ثبوت ہے، آج قوم کو ہر روز نوازشریف کی یاد آتی ہے جس نے قوم کو بجلی، گیس کی قلت اور قطاروں سے نجات دلائی تھی،تبدیلی خان نے قوم کو دوبارہ قطار میں کھڑا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے کہاکہ اسد عمر سے پوچھتا ہوں کہ قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول کب ملے گا اب ڈیوٹیوں کے پیسے کس کی جیب میں جارہے ہیں قوم کواُن سلائی مشینوں کے بارے میں بتایا جائے جن سے چند سالوں میں اربوں روپے کمائے جاسکتے ہیں اور دوبئی اور امریکہ میں جائیدادیں خریدی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ظالم حکمرانوں کو یوم حساب قریب ہے۔ انجینئرامیرمقام نے کہاکہ کارکن حوصلے بلندرکھے انشاء اللہ ایک بارپھرپاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت آنے والی ہے اورملک ایک بارپھر ترقی کی راہ پرگامزن ہوگا۔