سندھ اسمبلی،وقتا فوقتا بہت سی اہم قرادادیں منظور کیں جو عوامی مفاد سے متعلق بھی تھیں تاہم متعلقہ محکموں نے ضوابط کار کے تحت کوئی کارروائی نہیں کی، محمدحسین

پیر 14 جنوری 2019 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) سندھ اسمبلی میں پیر کو ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین نے اپنی ایک تحریک استحقاق پر جوعوامی مسائل کے حل کے لیے ایوان میں منظور کی گئی قرارداوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق تھی صوبائی وزیر پارلیمانی امور کی یقین دہانی پر زور نہیں دیا۔

(جاری ہے)

محرک کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے اپنے اجلاسوں میں وقتا فوقتا بہت سی اہم قرادادیں منظور کیں جو عوامی مفاد سے متعلق بھی تھیں تاہم متعلقہ محکموں نے ضوابط کار کے تحت کوئی کارروائی نہیں کی۔

صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے محرک پر زور دیا کہ وہ اپنی تحریک استحقاق پر زور نہ دیں تو ان معاملات کو مختلف محکموں میں جا کر چیک کرلیں گے، اسپیکر نے بھی محمدحسین سے کہا کہ وہ صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر بھروسہ کریں جس پر وہ راضی ہوگئے اور انہوں نے اپنی تحریک پر زور نہیں دیا۔اسپیکر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی بھی بنادی جائے گی۔