دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 86 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے‘ اس میں 17 ہزار 429 ایکڑ سرکاری اراضی بلامعاوضہ اور 14ہزار 710 ایکڑ نجی زمین شامل ہے جس کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے

وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہارخیال

پیر 14 جنوری 2019 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 86 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے‘ اس میں 17 ہزار 429 ایکڑ سرکاری اراضی بلامعاوضہ جبکہ 14ہزار 710 ایکڑ نجی زمین شامل ہے جس کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 19ہزار 62 ایکڑ اراضی سرکاری جبکہ 18 ہزار 357 ایکڑ نجی زمین حاصل کی جانی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے سوال کے جواب میں وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے کہا کہ منگلا ڈیم ‘ ست پارہ ڈیم کی توسیع اور دیگر آبی ذخائر کی تعمیر پر حکومت توجہ دے رہی ہے، مہمند ڈیم کے افتتاح کی طرف جارہے ہیں، اپنوں اور غیروں نے اس کے لئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ داسو ڈیم کے لئے 9875 ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔ اب تک 740 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے۔ یہ ڈیم 4320 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا جس پر دو مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 2160 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ ایکنک نے پہلے مرحلے کے لئے 218 ارب 54 کروڑ روپے کی ایف ای سی کے ساتھ مرحلہ ون کے لئے منظوری دی ہے۔