دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 86 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے ،17 ہزار 429 ایکڑ سرکاری اراضی ،14ہزار 710 ایکڑ نجی زمین شامل ہے ، فیصل واوڈا

پیر 14 جنوری 2019 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 86 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے‘ اس میں 17 ہزار 429 ایکڑ سرکاری اراضی بلامعاوضہ جبکہ 14ہزار 710 ایکڑ نجی زمین شامل کی گئی ہے جس کا معاوضہ ادا کردیا گیاہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 19ہزار 62 ایکڑ اراضی سرکاری جبکہ 18 ہزار 357 ایکڑ نجی زمین حاصل کی جانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم ‘ ست پارہ ڈیم کی توسیع اور دیگر آبی ذخائر کی تعمیر پر حکومت توجہ دے رہی ہے، مہمند ڈیم کے افتتاح کی طرف جارہے ہیں، اپنوں اور غیروں نے اس کیلئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ داسو ڈیم کیلئے 9875 ایکڑ اراضی حاصل کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک 740 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے، یہ ڈیم 4320 میگاواٹ بجلی پیدا کریگا جس پر دو مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 2160 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، ایکنک نے پہلے مرحلے کیلئے 218 ارب 54 کروڑ روپے کی ایف ای سی کے ساتھ مرحلہ ون کے لئے منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سسٹم اتھارٹی میں چاروں صوبوں اور وفاق کا نمائندہ دستیاب پانی پر ڈائون سٹریم کوٹری بنانے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1991ء کا آبی معاہدہ ہر مقام سے پانی کے بہائو کی کوئی تخصیص فراہم نہیں کرتا بلکہ آبی معاہدہ اپنے پیرا ٹو میں چاروں صوبوں کیلئے موسمی اور سالانہ تخصیص کو ظاہر کرتا ہے۔