شرح خواندگی میں بنگلہ دیش نے بھی پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا،9ممالک میں پاکستان8ویں نمبرآگیا

پیر 14 جنوری 2019 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) شرح خواندگی میں بنگلہ دیش نے بھی پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا، جنوبی ایشیا کے 9 ممالک میں پاکستان کا 8 واں نمبر ہے، پاکستان تعلیمی میدان میں صرف افغانستان سے بہتر ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت تعلیم نے شرح خواندگی سے متعلق 10 سالہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان تعلیمی میدان میں خطے کے 9 ممالک میں 8 ویں نمبر پر چلا گیا، بنگلہ دیش نے بھی پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا، افغانستان خواندگی میں سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2008 میں بنگلہ دیش تعلیمی میدان میں پاکستان سے پیچھے تھا تاہم اب وہ چوتھے نمبر پر جبکہ پاکستان 8 ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ کے مطابق مالدیپ تعلیمی میدان میں بازی لے گیا جہاں شرح خواندگی 99 فیصد ہے، سری لنکا 91 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ دوسرے اور ایران 86 فیصد تعلیم یافتہ آبادی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔بنگلہ دیش کی شرح خواندگی 73 اور بھارت کی 69 فیصد ہے جبکہ پاکستان کی شرح خواندگی 57 فیصد اور افغانستان کی 32 فیصد ہے۔