ڈاکٹروں سے عورت کے گلے کے اندر تین ماہ سے موجود زندہ جونک کو نکال دیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 14 جنوری 2019 23:53

ڈاکٹروں سے عورت کے گلے   کے اندر تین ماہ سے موجود زندہ جونک  کو نکال دیا
ویتنام سے تعلق رکھنے والی ایک 63 سالہ خاتون  کا حال ہی میں گلے کا آپریشن ہوا ہے۔ یہ آپریشن  رسولی نکالنے کے لیے کیا گیا تھا لیکن ڈاکٹر اس وقت حیران رہ گئے جب گلے میں سے ایک  6 انچ کی زندہ جونک برآمد ہوئی۔یہ جونک گزشتہ 3 ماہ سے عورت کے گلے میں موجود تھی۔
ویتنام کے صوبے ہا گیانگ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، کو کئی ہفتوں سے سر درد کی شکایت تھی۔

انہیں گلے میں بلغم نیچے بہتا ہوا بھی محسوس ہوتا تھا۔ مقامی ہسپتال میں ناک، کان اور گلے کے ماہرین نے ان کے کئی ٹسٹ کیے۔ ڈاکٹروں کو پتا چلا کہ ان کے گلے میں کوئی ناقابل شناخت مادہ ہے۔ ڈاکٹروں نے اسے رسولی سمجھا اور گلے کے لیپروسکوپک سرجری کے لیے وقت دے دیا۔ سرجری کے دوران ڈاکٹر اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں رسولی کی بجائے گلے میں زندہ جونک نظر آئی۔

(جاری ہے)

یہ جونک عورت کے گلے سے چمٹی ہوئی تھی۔
ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نگوین تھانا نام نے سرجری کی ویڈیو ریکارڈ کر کے مریضہ کی اجازت سے شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں انہیں مریضہ کے گلے سے جونک نکالتے دکھایا گیا ہے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ جونک گلے میں کیسے پہنچی لیکن ڈاکٹروں کا اندازہ ہے کہ کہ  یہ چشمے کا پانی پینے کے ساتھ ہی جسم میں چلی گئی ہوگی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر اس جونک کو نہ ہٹایا جاتا تو یہ بتدریج سانس کی نالی میں پہنچ جاتی جس سے جان جانے کا بھی خطرہ تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیسز کافی نایاب ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :