Live Updates

پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے نواز شریف اپنی آخری سیاسی اننگز کھیل چکے ہیں، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے قومی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی نیوز چینل سے بات چیت

منگل 15 جنوری 2019 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نواز شریف ملک میں اپنی آخری سیاسی اننگز کھیل چکے ہیں،آصف علی زرداری اور نواز شریف نے قومی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور پی ایم ایل (ن )کے دونوں سیاسی رہنمائوں نے محنت کرکے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف نے قومی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اور کک بیکس اور کمیشن سے پیسہ کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایان علی جیسی ماڈل کے ذریعے غیر قانونی طریقوں سے ان سیاسی شراکت داروں نے اربوں ڈالر ملک سے باہر بھجوائے، اپوزیشن لیڈر اپنے کرتوتوں اور لوٹی ہوئی دولت کا احتساب نہیں کرانا چاہتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی کو الجھائے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کے حقیقی مسائل پر بات چیت سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہئے کہ نان ایشوز پر چیخ و پکار کی بجائے پانی کے مسائل یا عوامی مفاد کے دیگر معاملہ پر بات چیت کریں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ماضی کی حکومتوں کی کمزور پالیسیوں اور عدم دلچسپی کے باعث 19 ارب کے خسارے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حق میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور عوام نے منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے جارحانہ احتساب کی توقع وابستہ کی ہے، عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے توقعات وابستہ کئے ہوئے ہے، ہم قومی دولت لوٹنے والے عناصر کا احتساب جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ کا ایشو عمران خان کی قیادت میں اٹھایا گیا، پی ٹی آئی نے پانامہ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر مہم شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے عوامی مفاد میں بڑے پیمانے پر کام کیا ہے اور اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ مراد علی شاہ نے منی لانڈرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، فریال تالپور اور آصف علی زرداری مراد علی شاہ کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے تھے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف دونوں کرپشن کے الزامات کے باعث عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) منی لانڈرنگ کے باعث عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے کردار سے متعلق فواد حسین نے کہا کہ نیب نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں بہترین کام کیا ہے۔

آئندہ دنوں میں پیش کئے جانے والے منی بجٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کو کم کیا ہے۔ وزیر خزانہ کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسد عمر خزانہ کے امور کو چلانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موبائل فونز، کاسمٹیکس اور دوسری پرتعیش امپورٹڈ اشیاء پر ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ ہم مقامی صنعت کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مقامی صنعت کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مقامی حکومتوں کے نظام کو سٹریم لائن کرنا چاہتے ہیں تاکہ حقیقی جمہوریت اور قیادت ابھر کر سامنے آئے۔ فوجی عدالتوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے باعث بے تحاشا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فوجی عدالتوں کا قیام خطرناک دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے ناگزیر تھا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ پیپلز پارٹی اور پی ایم ایل این کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی تقاریر سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا شیوہ ہے کہ وہ احتساب کے عمل سے بچنے کیلئے اسمبلی کے فورم پر عوام کی توجہ بٹانا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات