آئی بی ایس ایف سکس ریڈ ورلڈ کپ سنوکر ٹورنامنٹ، پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں داخل

منگل 15 جنوری 2019 11:56

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال اپنی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف سکس ریڈ ورلڈ کپ سنوکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ بابر مسیح اور محمد ماجد علی پری کوارٹر فائنلز میں شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ قطر میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنلز میں پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ایرانی کیوئسٹ احسان حیدری کو 3 کے مقابلے میں 6 فریمز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

(جاری ہے)

بعدازاں انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے قطری کیوئسٹ علی العبیدلی کو بیسٹ آف الیون فریمز میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 فریمز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ پاکستان کے بابر مسیح کو پری کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے کیوئسٹ سوون ناوت کے ہاتھوں 6-1 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستانی کیوئسٹ محمد ماجد علی نے میانمار کے کیوئسٹ اونگ فیو کے خلاف بھرپور مزاحمت کی تاہم اونگ نے ماجد علی کو زبردست مقابلے کے بعد 6-4 فریمز سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔