کابل‘ کاربم اور مقناطیسی بم کے دو الگ الگ دھماکوں میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق‘ 100سے زائددیگر زخمی

منگل 15 جنوری 2019 12:55

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) افغان دارالحکومت کابل میں کاربم اور مقناطیسی بم کے دو الگ الگ دھماکوںمیں کم از کم پانچ افراد جاں بحق جبکہ 100سے زائددیگر زخمی ہو گئے ۔ پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً سات بجے کابل کے مشرقی علاقے گرین ویلج کے کمپاؤنڈ میں ایک خودکش کاربم دھماکہ ہوا جس کی آوازدوردورتک سنائی دی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق یہ کاربم دھماکہ تھا جو کابل کے 9 ویں ضلع میںافغان الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے قریب ایک مصروف سڑک کے کنارے واقع گرین ویلج کے کمپاؤنڈ میں کیا گیا ۔بتایاجاتا ہے کہ گرین ویلج سب سے محفوظ علاقہ سمجھاجاتا ہے جہاں زیادہ تر غیرملکی بھی رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے دھماکہ میں چار افراد کے ہلاک اور 23 بچوں اور12 خواتین سمیت 90 دیگر افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرلی ہے تاہم افغان میڈیا نے محکمہ صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ میں چار افراد ہلاک اور 113 دیگر زخمی افراد زخمی ہوئے۔حکام کے مطابق تمام زخمی افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق دھماکہ کے نتیجے میں گرین ویلج میں متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق دھماکہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں کئی غیرملکی افراد کو ہلاک کیا گیا۔دریں اثناء وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباًسوآٹھ بجے کابل کے 9 ویں ضلع کے عبدالحق سکوئر میں ایک کار میں نصب کیا گیا مقناطیسی بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ اٴْس میں سوار ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔