Live Updates

آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات

عمران خان کا الزام اتنا بے بنیاد ہے کہ اس کا جواب دینا بھی مناسب نہیں‘ قائد حزب اختلاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 جنوری 2019 13:07

آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جنوری۔2019ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری صدر مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے آج ملاقات کریں گے. ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات آج قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں ہوگی. ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں راہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے کردار پر بات چیت ہوگی.دریں اثناءقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپوزیشن کے این آر او لینے کے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا.

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاﺅس آمد پر شہبازشریف سے ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ آپ واک آﺅٹ این آر او لینے کے لیے کررہے ہیں؟ جس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ عمران خان کا یہ الزام اتنا بے بنیاد ہے کہ اس کا جواب دینا بھی مناسب نہیں‘انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ جن امور پر مشاورت ہوگی اس سے میڈیا کو آگاہ کریں گے. اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اہم پوزیشن پر ہیں کوئی بھی بات کرتے ہوئے خیال کرنا چاہیے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان خوش قسمتی سے پاکستان کے وزیراعظم بن چکے ہیں ،ہم ماننے کیلئے بھی تیار ہیں کہ عمران خان وزیراعظم ہیں، کم از کم عمران خان کویہ علم ہوناچاہیے سیاستدان بائیکاٹ کرتے ہیں تو کیوں کرتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ ایک تو بات یہ کہ حکومت نے جو ماحول پیدا کیا ہوا ہے ایک وہ وجہ ہے،ہم پارلیمنٹ آتے ہیں بائیکاٹ کرتے ہیں،آپ سے پوچھتا ہوں آپ کیوں نہیں پارلیمنٹ آتے،آپ تو پارلیمنٹ کا احترام نہیں کرتے ہم تو پارلیمنٹ پھر بھی آتے ہیں،عمران خان آپ کو ہر ہفتے پارلیمنٹ آنا تھا سوالات کے جوابات دینے تھے.

سابق قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کم از کم ایسی بات تو نہ کریں ،جس میں جگ ہنسائی ہو ،ہم این آر او مانگنے والے نہیں ہیں ،عمران خان نے پتہ نہیں این آر او کا لفظ کہاں سے سیکھ لیا ،کس نے کوئی این آر او نہیں مانگا. انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدان پارلیمنٹ میں آئیں گے، بیٹھیں گے، بات کریں گے،جو اس ملک کی سیاست ہے سب اسی حساب سے چلیں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات