ڈولفن ٹیم نے 2 روز قبل اغوا ہونے والا بچہ بازیاب کروا لیا

والدہ بچے سے ملتے ہی آبدیدہ ہو گئیں، ڈولفن ٹیم کا شکریہ ادا کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جنوری 2019 13:14

ڈولفن ٹیم نے 2 روز قبل اغوا ہونے والا بچہ بازیاب کروا لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جنوری 2019ء) ڈولفن فورس کا ایک شاندار کام سامنے آیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈولفن فورس نے گلشن اقبال پارک سے اغوا ہونے والا بچہ بازیاب کروا لیا ہے۔ڈولفن ٹیم نے اغواکار خاتون کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ سعد نامی بچے کو دو روز قبل ایک خاتون نے گلشن اقبال پارک سے اغوا کیا تھا جس کے بعد لاہور پولیس سی سی ٹی فوٹیجز کے ذریعے سے اغوا کار کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتی رہی تاہم اس میں کامیاب نہ ہو سکی لیکن ڈولفن فورس نے ایک اجنبی شخص کے ساتھ سعد کو گلشن پارک کے گیٹ نمبر 1 پر پکڑا۔

ڈولفن پیرو فورس کو مغوی بچے کی تصاویر فراہم کی گئی تھیں۔سینیپ چیکنگ کے دوران اہلکاروں نے بچے کو پہچان لیا۔ڈولفن ٹیم نے ملزم کی نشاندہی پر اغوار خاتون کو بھی گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

سیکٹر انچارچ ڈولفن نے بچے اور اغوا کار کو تھانہ اقبال ٹاؤن کے حوالے کیا۔جب کہ والدہ اپنے بچے سے ملتے ہی آبدیدہ ہو گئیں اور  ڈولفن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے اس سے قبل ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے جنرل ہسپتال میں لوگوں کی جیبیں کاٹنے والی 3جیب تراش خواتین کو بھی گرفتارکیا تھا ۔

گرفتار ہونے والی خواتین میں ملزمہ شمیم، ساجدہ اور سکینہ شامل تھیں۔ملزم خواتین کے قبضہ سے ہزاروں روپے نقدی برآمد بھی ہوئی ہیں ڈولفن سکواڈ نے تینوں گرفتار خواتین قانونی کارروائی کے لئے کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کردیا ۔