میکسیکو دیوار کے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، صدر ٹرمپ

منگل 15 جنوری 2019 13:38

میکسیکو دیوار کے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، صدر ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس میں موجود حزب مخالف ڈیموکریٹس کو طویل ترین جزوی شٹ ڈاوٴن کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے نیو آرلینز میں ایک قومی کنونشن کے دوران تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی ایسی تجویز قبول نہیں کریں گے جس میں امریکیوں کو محفوظ بنانے کے ان اقدامات کی منظوری نہ دی گئی ہو جس کی ہمیں ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ڈرون اور سینسرز بارڈر کی سکیورٹی کیلئے کافی نہیں ہیں۔ اس کیلئے فولاد یا کنکریٹ کی مضبوط دیوار کی ضرورت ہے تاکہ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کو محفوظ رکھنے کے اپنے وعدے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر الزام لگایا کہ وہ دیوار بنانے کے لیے درکار فنڈز کی منظوری دینے سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہ اس معاملے کو اگلے سال کے صدارتی انتخابات کی مہم کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔