مکول پائیں دوہرے قتل کیس میں فریقین کے درمیان راضی نامہ ہو گیا

منگل 15 جنوری 2019 14:11

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) مصالحتی کمیٹی تھانہ حویلیاں کے ممبران اور عمائدین کی کاوشوں سے مکول پائیں دوہرے قتل کیس میں دونوں فریقین میں راضی نامہ ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پانچ سال قبل مکول پائیں میں دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلہ سے دونوں اطراف سے دو افراد گل داد اور محبوب جاں بحق ہو گئے تھے۔ حویلیاں پولیس نے دونوں جانب سے تین افراد نواز ولد گلداد، گل خطاب ولد یعقوب اور محمد افسر ولد علی اصغر کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

مقامی عدالت نے تینوں ملزمان کو 25، 25 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں خاندانوں کے درمیان قتل اور اقدام قتل کے 5 مقدمات درج تھے۔ ڈی آر سی حویلیاں کے چیئرمین سلیم خان، ڈپٹی چیئرمین وقار احمد خان، افتخار احمد خان، حاجی احمد نواز خان اور عمائدین چیئرمین گوہر زمان، سردار شمعریز، سردار طارق، علی اصغر خان، نواز خان، سردار سید اکثر، عبدارلزاق تنولی اور میاں واجد کی کوششوں سے دونوں خاندانوں کی دشمنی ختم ہو گئی اور دہرے قتل کیس کا راضی نامہ ہو گیا۔ فریقین نے تمام مقدمات واپس لینے کا اعلان کر دیا۔