بسنت منانے کے اقدام کے خلاف کیس پر حکو مت سے 24جنوری کو جواب طلب

منگل 15 جنوری 2019 14:19

بسنت منانے کے اقدام کے خلاف کیس پر حکو مت سے 24جنوری کو جواب طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بسنت منانے کے اقدام کے خلاف کیس پر پنجاب حکومت ،لوکل گورنمنٹ اور چیف سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24جنوری تک جواب طلب کر لیا ، سرکاری وکیل کے مطابق بسنت کے فیصلے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے جو بسنت منانے یا نہ منانے کا فیصلہ کرے گی ،کمیٹی دو سے تین ہفتوں میں فیصلہ کریگی،جسٹس امین الدین نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے اس کیس میںکائیٹ فلائنگ ایسویسی ایشن کو فریق بننے کی اجازت دے دی،صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے قبل ازیں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے بھی فیصلہ دیا تھا کہ بسنت خطرناک کھیل ہے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ بسنت ایک خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی،کوئی بھی ایسی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے اس کی اجازت دینا آئین کے خلاف ہے، درخواست گزار نے کہا کہ ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، اسکے ساتھ ساتھ پتنگ بازی کی وجہ سے اربوں روپے کی قومی املاک کا نقصان ہوا، لہذاعدالت حکومت کی جانب سے بسنت کی اجازت دینے کا اقدام کالعدم قرار دے۔