اعلیٰ شخصیات کے اغواء ، حساس اداروں کے افسران کے قتل میں ملوث دہشتگرد تنظیم کے دو کارندے مقابلے میں ہلاک

فیصل آباد میں حساس اداروں سے وابستہ ملازمین کو نشانہ بنانیکی منصوبہ بندی کر رکھی تھی،خود کش جیکٹس ، ہینڈ گرینیڈ اور اسلحہ برآمد نیٹ ورک جنرل طارق مجید کے داماد، امریکی شہری وارن وائنسٹائن اور علی حیدر گیلانی اور حساس ادارے کے اعلیٰ افسر کے اغواء میں ملوث ہے

منگل 15 جنوری 2019 14:35

لاہور/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) کائونٹر ٹیراز ڈیپارٹمنٹ او رحساس ادارے نے فیصل آباد میں مشترکہ آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق عالمی دہشگرد تنظیم داعش کے نیٹ ورک سے تھا اور انہوںنے فیصل آباد میں حساس اداروں سے وابستہ ملازمین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فیصل آباد میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر افراد کی مشکوک سر گرمیوںپر ہمسایو ں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلا ع دی گئی ۔ ریکی کر کے مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں سی ٹی ڈی پنجاب اور حساس اداروں نے حصہ لیا ۔ ترجمان کے مطابق مکان میں چھپے دہشتگردوں کو سرنڈر کرنے اور مکان سے باہر آنے کی وارننگ دی گئی تاہم ان کی طرف سے شدید فائرنگ شروع کر دی گئی جس کے جواب آپریشن کرنے والی ٹیم نے بھی فائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر مکان کی تلاشی لی گئی تو دو دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کی شناخت عدیل اورعثمان کے نام سے ہوئی او ران تعلق بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم داعش کے نیٹ ورک سے ہے ۔دہشتگردوں کے قبضے سے دو خود کش جیکٹس ، ایک پستول ، دو ہینڈ گرینیڈ اور سینکڑوں گولیاں ملی ہیں ۔مارے جانے والے دہشتگرد حساس اداروں سے وابستہ ملازمین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق دہشتگردو ں کا مذکورہ نیٹ ورک ماضی میں دہشتگردوں کی سنگین کارروائیوںمیں ملوث تھا ۔اسی نیٹ ورک نے ملتان میں حساس اداروں کے افسران کاجبکہ جنرل طارق مجید کے داماد، لاہور میں امریکی شہری وارن وائنسٹائن اور علی حیدر گیلانی اور حساس ادارے کے اعلیٰ افسر کو اغواء کیا ۔یہ نیٹ ورک نے فیصل آباد ڈی گرائونڈ میں دو پولیس افسروں کو بھی قتل کرنے میں ملوث ہے۔