فیصل آباد ڈویژن میں سورج مکھی کی کاشت کل سے لاہور ، قصور ، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں یکم فروری سے شروع ہو گی

منگل 15 جنوری 2019 14:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن سمیت میانوالی، سرگودھا، خوشاب، ساہیوال، اوکاڑہ میں کل 16جنوری سے سورج مکھی کی کاشت شروع ہوگی جو 15فروری تک جاری رہے گی ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ بہاولپور ، رحیم یار خان ، خانیوال ، ملتان ، وہاڑی ، بہاولنگر ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ ، لودھراں ، راجن پور ،بھکر میں سورج مکھی کی کاشت 31 جنوری تک مکمل ہو جائیگی۔

انہوںنے بتایاکہ لاہور ، قصور ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب ، اٹک ، راولپنڈی ، گجرات ، منڈی بہائوالدین ، ناوروال ، چکوال کے اضلا ع میں سورج مکھی کی کاشت یکم فروری سے شروع ہو کر 25فروری تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایسے کاشتکار جنہوںنے دھان اور کپاس کے بعد گندم کاشت نہیں کی وہ سورج مکھی کاشت کر کے اپنی آمدنی میں خاطرخواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار سورج مکھی کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں تاکہ انہیں بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔ انہوںنے مزید بتایاکہ گنے اور اگیتی کپاس کے ساتھ سورج مکھی کی مخلو ط کاشت بھی انتہائی کامیاب رہی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ رواں سا ل سورج مکھی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ امسال بین الاقوامی سطح پر خوردنی تیل کے نرخوں میں زبردست اضافہ ہو گیاہے اور توقع ہے کہ سورج مکھی کی مقامی فصل کی برداشت تک اس کے نرخ اور بھی بڑھ جائیںگے۔

متعلقہ عنوان :