ویں ایشین جونیئر سکواش ٹیم چمپئن شپ (آج)سے تھائی لینڈ میں شروع ہوگی ،ْ پاکستان پہلے روز دو میچ کھیلے گا

تھائی لینڈ میں شیڈول ایونٹ میں پاکستان بدھ کو اپنا پہلا میچ چین کے خلاف کھیلے گا ،ْدوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ کھیلا جائیگا

منگل 15 جنوری 2019 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) 19ویں ایشین جونیئر سکواش ٹیم چمپئن شپ (آج)سے تھائی لینڈ میں شروع ہوگی ،ْپاکستان (آج) بدھ کو 2 میچ کھیلے گا۔ منگل کو پاکستان سکوائش فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان جونیئر سکواش ٹیم 19 ویں ایشین جونیئر سکواش ٹیم چمپئن شپ میں شرکت کیلئے تھائی لینڈ پہنچ چکی ہے۔

چمپئن شپ 16 سے 20 جنوری تک تھائی لینڈ کے شہر پاتایا میں کھیلی جائے گی جس میں چار کھلاڑی اور 3 آفیشل پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے تھائی لینڈ میں موجود ہیں۔ کھلاڑیوں میں عباس زیب، حارث قاسم، فرحان ہاشمی اور محمد حمزہ خان شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان اور سرینا ہوٹل کے حسین اوحوانی بطور منیجرز جبکہ فصل شاہ بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ایشیاء کی 13 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کی ہے اور ان ٹیموں میں چار مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے ان کے ساتھ سری لنکا اور چائنیز تائپے، گروپ بی میں ملائیشیاء، جاپان اور چین، گروپ سی میں ہانگ کانگ، سنگاپور اور کویت جبکہ گروپ ڈی میں بھارت، کوریا، عراق اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ تھائی لینڈ میں شیڈول ایونٹ میں پاکستان بدھ کو اپنا پہلا میچ چین کے خلاف کھیلے گا دوسرا میچ سری لنکا کے کھیلا جائیگا۔

پاکستان اور کوریا کی ٹیمیں 17جنوری کو مدمقابل ہوں گی۔ اسی روز پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنا آخری لیگ میچ تھائی لینڈ کے خلاف 18جنوری کو کھیلے گا۔ اس کے بعد کوارٹر فائنل کا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔