اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہونا چاہیے، سید خورشید شاہ

منگل 15 جنوری 2019 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع ہونا چاہیے جبکہ وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ یہ سلسلہ گزشتہ ادوار سے چل رہا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ اجلاس مقررہ وقت سے 45 منٹ تاخیر سے شروع ہوا ہے۔

سپیکر کی طرف سے جو وقت دیا جاتا ہے اس پر اجلاس شروع کردیا جائے۔ ہم خود پارلیمنٹ کو بے توقیر کرتے ہیں۔ یہ ادارہ تمام اداروں سے بڑا ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اصولی طور پر یہ درست کہہ رہے ہیں تاہم یہ سلسلہ گزشتہ ادوار سے ہی چل رہا ہے۔ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ جیسے یہ پہلی بار ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران خورشید شاہ نے وقت مانگا تاہم انہیں وقت نہ دینے پر تمام اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ شیریں مزاری کا احترام ہے وہ اب سینئر پارلیمنٹرین بن چکی ہیں۔ یہ کہ دینا کے ماضی میں اس پارلیمنٹ کے ساتھ ماضی میں جو ہوا وہی ہم بھی کر رہے ہیں جو ماضی میں غلط تھا آج بھی ہے۔ ماضی میں گزشتہ اسمبلی میں سردار ایاز صادق پہلے سال کے علاوہ اپنے وقت پر اجلاس شروع کرتے تھے۔ ہم نے ممبران کی شکایت نہیں کی اور نہ ہی یہ کہا کہ وزراء ایوان میں نہیں ہیں۔