عازمین حج کے لیے استعمال ہونے والے احرام غیر معیاری

9 مختلف ممالک کی جانب سے بھیجے گئے احرام سعودی معیار پر پُورے نہ اُتر سکے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جنوری 2019 14:53

عازمین حج کے لیے استعمال ہونے والے احرام غیر معیاری
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری 2019ء) سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے بھیجے گئے احرام غیر معیاری پائے گئے ہیں۔ سعودی مملکت میں معیار کو پرکھنے والے اس ادارے کے مطابق 9 اسلامی ممالک کی جانب سے عازمین حج و عمرہ کے لیے بھیجے گئے 23 فیصد احرام غیر معیاری پائے گئے ہیں۔ احرام کی چادروں میں پولیسٹر کا استعمال کیاگیا، جوکہ سعودی مملکت کی جانب سے احرام کی تیاری کے لیے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 9 ممالک سے درآمد کیے گئے تقریباً 100کے قریب احرام منتخب کر کے اُنہیں لیبارٹری میں بھیجا گیا تو یہ درآمد شُدہ احرام غیر موزوں پائے گئے۔ گزشتہ چھ ماہ سے تقریباً 14 بار ان احراموں کا ٹیسٹ لیا گیا۔

(جاری ہے)

مگر ان کا معیار اعلیٰ نہیں پایا گیا۔ ان غیر معیاری احرام میں سے کوئی بھی ایسا نہیں تھا جس میں بیکٹریا سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہو۔

اس کے علاوہ یہ احرام سورج کی شعاعوں سے جسم کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت سے بھی عاری پائے گئے۔ 41 فیصد احرام کو معیار کے اعتبار سے تسلّی بخش قرار دیا جا سکتا ہے۔ لیبارٹری میں ٹیسٹنگ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ کاٹن سے تیار کیے گئے احرام تین ماہ کے بعد ہی خراب ہو جاتے ہیں۔ درآمد شُدہ احرام کے 50 فیصد نمونے لیبارٹری کے ٹمپریچر کو برداشت کرنے کے اہل نہ پائے گئے۔ واضح رہے کہ صرف 2 فیصد احرام سعودی عرب میں تیار ہو گئے ہیں اور باقی کے احرام کی خرید کے لیے دیگر اسلامی ممالک میں تیار کیے گئے احرام درآمد کرنے پڑتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :