بسنت منانے کے اقدام کیخلاف کیس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈی سی کو نوٹس جاری

منگل 15 جنوری 2019 16:56

بسنت منانے کے اقدام کیخلاف کیس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بسنت منانے کے اقدام کیخلاف کیس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 جنوری کو جواب طلب کرلیا، عدالت نے کائٹ فلانگ ایسویسی ایشن کو بھی فریق بننے کی اجازت دیدی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر الدین خان نے بسنت منانے کے حکومتی اعلان کیخلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے وکیل شعیب ظفر نے بتایا کہ بسنت منانے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، حکومت نے بسنت منانے یا نہ منانے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔درخواست گزار وں کی جانب سے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے اس لیے اس پابندی لگائی گئی تھی، حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بسنت کی اجازت دے رہی ہے، ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔استدعا ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کو برقرار رکھا جائے اور بسنت کی اجازت نہ دی جائے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔