محسن نقوی کی 22 ویں برسی منائی گئی

منگل 15 جنوری 2019 17:02

محسن نقوی کی 22 ویں برسی منائی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) اردو ادب کے قادر الکلام اور دلوں کو چھو لینے والی شاعری کے خالق محسن نقوی کی 22 ویں برسی منگل کو منائی گئی۔محسن نقوی5 مئی 1947ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ ان کا مکمل نام سید غلام عباس نقوی تھا شعر کہنے کے لئے محسن بطور تخلص استعمال کرتے تھے لہذا بحیثیت شاعر محسن نقوی کے نام سے مشہور ہوئے۔

ان کی شاعری کا محور معاشرہ، انسانی نفسیات، رویے، واقعہ کربلا اور دنیا میں ازل سے جاری معرکہ حق و باطل ہے۔

(جاری ہے)

ان کے کئی مجموعہ کلام شائع ہو چکے ہیں جن میں بندِ قبا، برگِ صحرا، ریزہ حرف، عذابِ دید، طلوعِ اشک، رختِ شب، خیمہ جاں، موجِ ادراک اور فراتِ فکر زیادہ مقبول ہیں۔لاہورمیں قیام کے دوران محسن نقوی اک خطبیب کے روپ میں سامنے آئے۔ مجالس میں ذکرِاہلبیت اور واقعاتِ کربلا کے ساتھ ساتھ اہل بیتِ اطہار کی شان میں کی گئی شاعری بیان کیا کرتے تھے۔ اردو ادب کے اس دمکتے چراغ کو 15 جنوری 1996 کو مون مارکیٹ لاہور میں اپنے دفتر کے باہر دہشت گردوں کی فائرنگ سے بجھا دیا گیا تھا تاہم اس کی روشنی ان کی شاعری کی صورت میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔