نیلم جہلم پراجیکٹ کے مضمرات کے تدارک کیلئے مرکزی حکومت بھرپور تعاون کریگی ،وزیر اعظم آزادکشمیر

منگل 15 جنوری 2019 18:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی مسائل کے حوالے سے وفاق سے جملہ معاملات اطمینان بخش طریقے سے طے پا گئے ہیں کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کے حوالے سے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کیا گیا ہے امید ہے کہ کوہالہ پراجیکٹ پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا وزیراعظم پاکستان نے آزاد حکومت کے مکتوب کے جواب میں نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی اس کمیٹی میں اہم اداروں کے نمائندگان موجود تھے وفاقی سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹی نے ہمارے چاروں نقاط سے اتفاق کیا ہے اور رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو بھیج دی ہے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی مضمرات کا حکومتی سطح پر فوری نوٹس لیا گیا آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پارٹی سربراہان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی شہریان مظفرآباد کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی جس میں تمام زعماء موجود تھے حکومت آزاد کشمیر کی تحریک پر حکومت پاکستان نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ طلب کی کمیٹی نے رپورٹ پیش کر دی ہے جو ہمارے حق میں ہے نیلم جہلم پائیڈل پراجیکٹ قومی منصوبہ ہے کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے قربانی دی اور آئندہ بھی دیں گے پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے پوری امید ہے کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کے ماحولیاتی اور معاشی مضمرات کے تدارک کے لیے مرکزی حکومت بھرپور تعاون کرے گی وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ پر جو تحفظات ہیں وہ وفاق تک پہنچا دیئے گئے ہیں جس طرح نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں اس طرح کوہالہ پراجیکٹ پر بھی ہمارے تحفظات دور ہوں گے ۔