کوالالمپور سے پشاور کے لئے پی آئی اے کی پروازیں مارچ میں شروع کردی جائیں گی ،ْ محمد میاں سومرو

منگل 15 جنوری 2019 19:04

کوالالمپور سے پشاور کے لئے پی آئی اے کی پروازیں مارچ میں شروع کردی جائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزیر ہوا بازی ڈویژن محمد میاں سومرو نے قومی اسمبلی کوبتایا ہے کہ کوالالمپور سے پشاور کے لئے پی آئی اے کی پروازیں مارچ میں شروع کردی جائیں گی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں شیر اکبر خان اور دیگر کے پی آئی اے کی کوالالمپور سے پشاور پروازوں کی بندش کی طرف دلائے گئے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر ہوا بازی ڈویژن محمد میاں سومرو نے کہا کہ یہ پروازیں لوڈ فیکٹر کی وجہ سے بند ہوئی ہیں۔

پشاور سے مارچ اپریل میں نائٹ لینڈنگ شروع کریں گے۔ وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا پر اس بارے میں کمیونٹی نے بات کی تھی۔ شیر اکبر خان نے کہا کہ یہ پرواز رواں ماہ میں شروع کی جائے تاکہ محنت مزدوری کے لئے جانے والوں کو سہولت دی جائے یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ منافع بخش پرواز تھی۔ایک اور سوال کے جواب میں محمد میاں سومرو نے کہا کہ جہاز دستیابی پر یہ پرواز پہلے بھی شروع کی جاسکتی ہے ورنہ منصوبے کے تحت ہی ہوگی۔

پشاور سے جانے والوں کا سامان پشاور سے ہی جاتا ہے۔ جہازوں کی قلت ہے جونہی جہاز دستیاب ہوں گے یہ سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سکینر لگے ہیں وہاں سے سامان گزرنے کے بعد دوبارہ نہیں کھلتا۔ یہاں تاخیر سے بچنے کے لئے تربیت دی جارہی ہے تاکہ وقت بچایا جاسکے۔