ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر ، بیشتر علاقوں میں موسم سرد، خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان

منگل 15 جنوری 2019 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر منگل کو بھی برقرار رہی ،ْملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد، خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا سب سے سرد مقام استور رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت بلتسان کے ضلع استور میں خون کو جما دینے والی شدید سردی کی وجہ سے مختلف موسمی بیماریوں میں اضافہ بھی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

استور میں بیماریوں میں اضافے کی وجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کا رش لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ۔اسکردو میں منفی 13، بگروٹ میں منفی 11، گوپس اور مالم جبہ میں منفی 9، کوئٹہ میں منفی 8، قلات اور دیر میں منفی 6، جبکہ مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے ایک ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں 14، لاہور میں 5، پشاور میں 2، مظفر آباد میں منفی ایک، فیصل آباد میں 3، ملتان میں 4 جبکہ حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔