ہماری خواہش ہے کہ حکومت مدت پوری کرے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر کی بات کی ہے،

عوام کی بہتری کیلئے ہونے والی ہر قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیں گے، راجہ پرویز اشرف

منگل 15 جنوری 2019 19:35

ہماری خواہش ہے کہ حکومت مدت پوری کرے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ ..
لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت مدت پوری کرے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر کی بات کی ہے، آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ میں اچھی باتیں کیں اور سب کو واضح پیغام دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر پارلیمان کی بلندی اور تقدس کیلئے کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر کی بات کی ہے، آصف زرداری نے صدر بن کر اپنے سب اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کئے حالانکہ کسی نے ان سے یہ اختیارات مانگے نہیں تھے ، انہوں نے کہا کہ سابق صدر مشرف نے پارلیمان کے اختیارات خود لے لئے تھے، آصف زرداری نے پارلیمان کو مضبوط کرنے کیلئے سب اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کر دیئے، بلاول بھٹو زرداری اور میں نے پارلیمان میں کہا تھا کہ کوئی قانون جو عوام کے فائدے میں ہو، اس کیلئے ہم سب کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

عوام نے ہمیں قانون سازی کیلئے پارلیمان میں بھیجا ہے، عوام کی بہتری کیلئے ہونے والی ہر قانون سازی میں سب کا ساتھ دینگے۔ راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت مدت پوری کرے اورمعیشت پر زیادہ توجہ د ے ،ہم چاہتے ہیں کہ قانون سازی ہو،نیب کے حوالے سے ہونے والی ترامیم میں ہم حکومت کیساتھ ہیں۔