آئی لیٹس، ٹوفل، اورجی آر ای کے امتحانات میں فیس کی استطاعت نہ رکھنے والے طلباء وطالبات کیلئے معاونتی پروگرام شروع کرنے پرغور

وزیراعظم آفس کی ایچ ای سی کو21 یوم کے اندر جامع تجاویز مرتب کر نے کی ہدایت

منگل 15 جنوری 2019 19:44

آئی لیٹس، ٹوفل، اورجی آر ای کے امتحانات میں فیس کی استطاعت نہ رکھنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وزیراعظم آفس نے آئی لیٹس( آئی ای ایل ٹی ایس)، ٹوفل، اورجی آر ای کے امتحانات میں فیس کی استطاعت نہ رکھنے والے قابل اورذہین طلباء وطالبات کیلئے معاونتی پروگرام شروع کرنے کے ضمن میں ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کو21 یوم کے اندر جامع تجاویز مرتب کر نے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق شہریوں کی مشکلات کے فوری ازالہ کیلئے قائم پاکستان سیٹیزن پورٹل میں آئی لیٹس( آئی ای ایل ٹی ایس)، ٹوفل، اورجی آر ای کے امتحانات میں فیس کی استطاعت نہ رکھنے والے قابل اورذہین طلباء وطالبات کیلئے معاونتی پروگرام شروع کرنے کے ضمن میں کئی تجاویز آئی تھیں۔ان تجاویز میں بتایا گیا تھا کہ غیرملکی وظائف کے حصول کیلئے آئی ای ایل ٹی ایس ، ٹوفل، اورجی آر ای کے امتحانات دینا ضروری ہے ان امتحانات میں شرکت کیلئے وظائف کے حصول کے طلباء وطالبات اورخواہش مندوں کو قابل ذکرفیس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

تجاویز میں بتایا گیا تھا کہ مالی مشکلات اوررکاوٹوں کی وجہ سے بہت سے قابل اورذہین طلباء اور خواہشمند ان امتحانات میں شرکت سے محروم رہ جاتے ہیں اوریوں وہ بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف کے حصول کے مواقع حاصل نہیں کرپاتے۔اس ضمن میں پرائم منسٹرپرفارمنس ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی سفارشات پروزیراعظم آفس نے ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو 21 یوم میں معاونتی پروگرام کی موزونیت، سالانہ مالی اخرجات اورمعاونت کے حصول کیلئے طریقہ کار پرمشتمل جامع تجویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس مقصد کیلئے ایک ٹاسک منیجمنٹ سسٹم کے تحت ٹاسک کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔