ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان پراجیکٹ کیلئے مزید 5 کروڑ روپے کی منظوری

شعبہ صحت کے دیگر نامکمل اور جاری منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے،ڈاکٹر یاسمین راشد

منگل 15 جنوری 2019 20:32

ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان پراجیکٹ کیلئے مزید 5 کروڑ روپے کی منظوری
لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان کے زیر تکمیل منصوبے کے لئے مزید 5 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے، اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے بھی شرکت کی، اس موقع پر محکمے کے مختلف امور پر غور کیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان تکمیل کے بالکل قریب ہے جلد منصوبے کا افتتاح ہوجائے گا اور ہسپتال میں تمام جدید تر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس منصوبے کی تکمیل سے نشتر ہسپتال پر مریضوں کا دبائو بھی کم ہوگا، انہوں نے ہدایت کی کہ حتمی تعمیرات اور مشینری کی تنصیب کا کام جلد مکمل کیا جائے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت کے دیگر نامکمل اور جاری منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ جن طبی مراکز کی تکمیل ہو چکی ہے وہاں مشینری کی تنصیب اور سٹاف کی تعیناتی بھی بروقت ہونی چاہیے، وزیر صحت نے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی دور کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن ہسپتالوں میں نو تربیت یافتہ ایستھیزیا ماہرین لگائے گئے ہیں وہاں کے 2،3 میڈیکل آفیسرز کو بھی ان کے ساتھ تربیت کے لئے لگایا جائے تاکہ اینستھیٹسٹس کی کمی دور کی جاسکے، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ زاہد اختر زمان نے اجلاس کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔